
نیویارک: امریکا میں اسرائیل مخالف طلبا تحریک کو کچلنے کیلئے طاقت کا استعمال شروع کردیا گیا۔ نیویارک میں پولیس کولمبیا یونیورسٹی میں گھس گئی اور درجنوں طلبا وطالبات کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ایڈمنسٹریشن بلاک۔ ہیملٹن ہال اور اکیڈمک بلاک سمیت کیمپس کے مختلف حصوں کی تلاشی لی اور طلبا کو باہر نکال دیا۔ حراست میں لئے گئے طلبا کی تعداد تیس سے چالیس کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ جنہیں بس میں بھرکر حراستی مرکز لے جایا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاجی طلبا کو معطل کرنا بھی شروع کردیاہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے حامیوں نے کیلی فورنیا یونیورسٹی میں فلسطینی حامی طلبا کے احتجاجی کیمپ پر دھاوا بول دیا۔حملہ آوروں نے ڈنڈوں سے مارمار کر کئی طلبا کو زخمی کردیا۔ طلبا نے کہا ہے کہ پولیس نے حملہ آوروں کو دیکھا لیکن کوئی مداخلت نہیں کی۔ فلوریڈا کی ٹیمپا یونیورسٹی میں پولیس نے طلبا کا احتجاجی کیمپ ختم کرنے کیلئےآنسو گیس کا استعمال کیا۔ پولیس نیو میکسیکو یونیورسٹی میں گھس گئی اور طلبا یونین کی عمارت خالی کرنے کیلئے
سولہ طلبا کو گرفتار کرلیا۔


































