
تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ امریکا مذاکرات کو اسرائیل کے مقابلے میں ایران کو کمزور کرنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ملک کی نمایاں شخصیات اور سیاسی اشرافیہ کےاجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ دشمن قوتیں ایران کی طاقت کے تمام عناصر چھیننے اورصیہونی رژیم کے مقابلے میں ملک کو کمزور کرنے کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے توہین آمیز شرائط قبول نہیں کرے گا۔ ہم امن چاہتے ہیں، مگر دھونس اور دباؤ قبول نہیں کریں گے۔
صدر پزشکیان نے بتایا کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات میں مصروف تھا اور ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار تھا، تاہم امریکا نے اس عمل کو سبوتاژ کیا اور جون کے وسط میں جنگ مسلط کر دی۔ ایرانی صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران کسی قسم کی بدامنی یا انتشار نہیں چاہتا اور وہ بارہا یہ اعلان کر چکا ہے کہ اس کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران ہر قسم کی جانچ پڑتال اور تصدیقی اقدامات کے لیے تیار ہے۔


































