
واشنگٹن : امریکا اور ایران مفاہمتی یادداشت کے مسودے میں ایران پر پابندیوں میں نرمی، تیل کی فروخت کی اجازت اور تین سو ارب ڈالر کی اقتصادی معاونت کی تجاویز شامل ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والے مسودے کے مطابق امریکا اور ایران نے تمام محاذوں پر جنگ کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔ دستاویز کے مطابق امریکا ایران کی اقتصادی بحالی اور ترقی کے لیے کم از کم تین سو ارب ڈالر کی مالی معاونت یقینی بنانے پر آمادہ ہے، جبکہ ایرانی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی بھی شامل ہے۔ مسودے میں ایران کے منجمد اثاثوں تک مرحلہ وار رسائی اور امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور یکطرفہ امریکی پابندیوں کے خاتمے کا خاکہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور آئندہ ساٹھ روز تک اپنے جوہری پروگرام میں توسیع نہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔


































