
لندن : انسانی حقوق کی تنظیم یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر نے کہا ہے کہ امریکی پشت پناہی غزہ میں نسل کشی اور انسانی تباہی کو گہرا کر رہی ہے۔ مانیٹر کے بیان میں کہا گیاہے کہ امریکا کا سیاسی تحفظ قابض اسرائیل کو غزہ میں موجودہ صورت حال کو طول دینے اور شہری آبادی کے خلاف نسل کشی جاری رکھنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ مانیٹر نے واضح کیا کہ قابض اسرائیل کے لیے امریکی حمایت اور سیز فائر کے عمل میں پیش رفت کو غزہ سے آخری لاش کی واپسی سے مشروط کرنا شرمناک شراکت داری کے مترادف ہے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ غزہ میں بیس لاکھ سے زائد انسانوں کی تقدیر کو ایسے سیاسی یا زمینی مطالبات کے ساتھ مشروط نہیں کیا جانا چاہیے جن کا عملی طور پر پورا ہونا ممکن نہیں۔ مانیٹر نے خبردار کیا کہ انسانی ضروریات کو مذاکراتی عمل میں دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔


































