
دوحہ : حماس رہنما باسم نعیم نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بطور ضامن اسرائیل پر غزہ امن منصوبے کے اگلے مرحلے کو قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالے۔ باسم نعیم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ ثالث اور امریکہ، جو اس معاہدے کے ضامن ہیں، بنیامن نیتن یاہو اور ان کی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ طے شدہ روڈ میپ پر عمل کریں اور سیاسی مفادات کی وجہ سے اس پر عمل درآمد میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے واضح ٹائم ٹیبل طے کیا جانا چاہیے۔ حماس نے غزہ کے تمام گذرگاہیں کھولنے اور انسانی امداد و رہائشی سامان کی رسد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں غزہ کی تعمیر نو شروع کرنے اور قومی کمیٹی برائے انتظامِ غزہ کو ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ حماس نے کہا کہ معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے والی خلاف ورزیوں کو روکنا اور جنگ بندی کا تحفظ ضروری ہے۔


































