
تل ابیب: اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ، لبنان اور ایران کے محاذوں پر جنگ بندی کے لیے امریکی دباؤ بڑھنے سے واشنگٹن اور تل ابیب کے اختلافات مزید گہرے ہوگئے ہیں۔ امریکا اسرائیل سے تینوں محاذوں پر لڑائی ختم کرنے کی سمت پیش رفت کا مطالبہ کر رہا ہے۔اسرائیلی چینل تھرٹین کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے اسرائیل کے حالیہ دورے کے دوران تینوں محاذ بند کرنے کی جانب پیش رفت کا پیغام دیا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام نے امریکی حکام پر واضح کیا کہ جوہری پروگرام یا بیلسٹک میزائل صلاحیتوں کی بحالی کی صورت میں اسرائیل ایران کیخلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ امریکا جنوبی لبنان میں قائم سکیورٹی زون کے اندر مزید اسرائیلی فوجی پوزیشنوں سے انخلا بھی چاہتا ہے۔ واشنگٹن غزہ میں بھی پیشرفت اور کثیر القومی فورس کی تعیناتی پر زور دے رہا ہے، جس میں اس وقت مراکش اور یوگنڈا کے سیکڑوں فوجی شامل ہیں۔ اسرائیلی سکیورٹی حکام نے حالیہ دنوں میں سیاسی قیادت کے سامنے امریکی مطالبات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ان مطالبات میں غزہ میں ٹارگٹ کلنگ روکنے اور اسرائیلی فوجی کارروائیاں محدود کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ مطالبات زیرِ بحث تجاویز میں واضح طور پر شامل نہیں، تاہم امریکی دباؤ کے باعث دونوں اتحادیوں کے درمیان اختلافات نمایاں ہوگئے ہیں۔


































