
تہران: مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال بدستور برقرار ہے، امریکا نے ایک بار پھر ایران پر بمباری کردی، خوزستان اور ہرمزگان پر امریکی حملوں میں بچے سمیت بارہ افراد شہید اڑسٹھ زخمی ہو گئے، خوزستان کے مقامی عہدیدار کا کہنا ہےکہ امریکی حملوں میں تین مقامات پر سات افراد شہید اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے ہیں، امریکی فضائی حملوں میں اہواز اور آغاجاری شہروں کو نشانہ بنایا گیا، ساحلی صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک کے گاؤں دہستک میں شادی کی تقریب پر حملے میں ایک بچے سمیت پانچ شہری شہید اور ساٹھ سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں، ایرانی میڈیا کے مطابق قشم جزیرے میں 5 اور آبنائے ہرمز میں 4 دھماکے سنے گئے ، بندرعباس، سیریک اور قشم کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں، لاوان جزیرے بھی دھماکوں سے گونج اٹھا.
چابہار اور کنارک کاؤنٹیز میں 4 پروجیکٹائلز گرے، ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق امریکی فورسز نے جیروفٹ ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا، سینٹکام نے حملوں کا نیا مرحلہ مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ امریکی افواج نے ایرانی فضائی دفاعی تنصیبات، راڈار نظام، بحری اثاثے، فوجی تنصیبات، بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیتوں اور مواصلاتی مراکز کو نشانہ بنایا، کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں اور امریکی فوجی اہلکاروں کے خلاف پاسداران انقلاب کے حالیہ حملوں کی کوششوں کے جواب میں کی گئی۔


































