
واشنگٹن : امریکا نے ایران میں گوروک اور جزیرہ قشم میں ریڈار تنصیبات پر حملہ کیا جبکہ ایران نے جوابی کارروائی میں کویت اور بحرین میں امریکی فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ امریکی سینٹکام نے دعویٰ کیا ہےکہ امریکی طیاروں نے ایران سے داغے گئے چار ڈرونز کے جواب میں کارروائی کی اور تمام ایرانی ڈرونز کو مار گرایا۔ سینٹکام نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی ممالک کی طرف داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو روکا گیا اور اس حملے میں کسی امریکی اہلکار کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
پاسداران انقلاب کا کہناہے کہ امریکی حملے کے جواب میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جبکہ چار ٹینکروں پر فائرنگ کی جو بغیر اجازت آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔


































