
واشنگٹن : امریکا کے صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے سیکیورٹی کی مد میں 15 کروڑ ڈالر کے نئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے جمعے کو امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے یوکرین کو جنگی اسلحہ اور ریڈارز کے علاوہ دیگر سازوسامان فراہم کیا جائے گا۔ صدر بائیڈن نے کانگریس پر بھی زور دیا کہ یوکرین کے لیے مزید 33 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دے۔امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے مطابق 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکہ اب تک 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی مالیت کے ہتھیار کیئف کو دے چکا ہے جس میں اینٹی ایئر کرافٹ سٹنگر میزائل، ڈرونز اور بھاری اسلحہ شامل ہے۔


































