
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ایران سے جنگ میں امریکہ اور اسرائیل اب فیس سیونگ چاہتے ہیں، امریکہ کی کریڈیبلٹی زیرو ہوگئی، ہمیں محتاط طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ مٹھی بھر لوگوں کی کوئی اہمیت نہیں پوری دنیا کو پاکستان پر اعتماد ہے، جس کے امریکہ اور ایران سے اچھے تعلقات ہیں۔ توانائی کے بغیر ملک نہیں چل سکتے، تیل اور گیس پر کئی جنگیں ہوئیں، پہلی جنگ عظیم کی بنیاد بھی تیل اور گیس ہی تھا۔
جنرل (ر) عبدالقیوم نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کیا، ایران ایک مزاحمتی قوم ہے، اسی لیے انہوں نے مقابلہ کیا، امریکہ اور اسرائیل اب فیس سیونگ چاہتے ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، ملٹری اور سول قیادت ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہی ہے، پاکستان اسرائیل کو کانٹے کی طرح چبھتا ہے۔ ایران جو گارنٹی چاہتا ہے یہ گارنٹی اقوام متحدہ سے آنی چاہیے، جب فریقین ٹیبل پر بیٹھیں تو آسان شرائط پر بات ہوتی ہے۔
صدر ایکس سروس مین سوسائٹی نے مزید کہا کہ ہرمز کے بند ہونے سے تیل کی قیمتیں بہت اوپر چلی گئی ہیں، بہت سے ممالک نے ایمرجنسی نافذ کی، امریکہ بھی متاثر ہوا۔ اسرائیل کی خواہش تھی ایران کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیا جائے، اسرائیل نے امریکی صدر کو استعمال کیا، امریکہ کا ایران میں آنے کا مقصد چین کو بھی ہدف بنانا تھا۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ امریکہ کی کریڈیبلٹی زیرو ہوگئی، ہمیں محتاط طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا، بعض لوگوں کی کوشش ہے پاکستان کو فرقہ واریت کی طرف لے جائیں۔ عوام کو اپنے ملٹری لیڈرشپ پر پورا بھروسہ ہے۔ بھارت کی قیادت ناکام ہوئی، نریندر مودی ڈکلیئرڈ دہشت گرد ہے، بھارت اس وقت تنہائی میں چلا گیا ہے۔


































