
جنیوا : اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی ہمدردی کی امداد کیلئے انروا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں فرحان حق نے کہا کہ ہمارے نقطہ نظر سے ہم پہلے بھی کئی بار کہہ چکے ہیں۔ غزہ میں امداد کی فراہمی کیلئے انروا بنیادی حیثیت رکھتی ہے،چاسے روک دیا گیا تو اس کی تلافی ممکن نہیں ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ انروا پر پابندی کا اسرائیلی قانون نافذ ہوگیا تو انروا کی کارروائیوں کا خاتمہ ان لوگوں کے لیے بے پناہ مصائب کا باعث بنے گا۔ جو پہلے ہی انتہائی مشکلات کاشکار ہیں۔
فرحان حق کا یہ بیان انروا کے سربراہ فلپ لازارینی کے بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں انروا کے کام کرنے پر پابندی کا اسرائیلی قانون چار ہفتوں سے بھی کم عرصے میں نافذ العمل ہونے والا ہے۔


































