
نیویارک : اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا نے غزہ میں اپنے ملازمین کے معاہدے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ حماس نے انروا کے اس اقدام کو صریح ناانصافی قرار دیا ہے۔
انروا نے کہا ہے کہ غزہ ریجنل دفتر سے وابستہ وہ مقامی ملازمین جو اس وقت غزہ سے باہر موجود ہیں ان کی ملازمتیں فوری طور پر ختم کی جا رہی ہیں۔ انروا نے اپنے اس فیصلے کا جواز شدید مالی بحران کو قرار دیا جس کے باعث ادارہ اپنی عملی ذمہ داریوں اور انتظامی اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہو چکا ہے۔
حماس نے انروا کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ فیصلہ ان ملازمین کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے جو غزہ پر مسلط نسل کشی کی جنگ اور قابض اسرائیل کی جانب سے رفح کراسنگ کی بندش کے باعث واپس اپنے گھروں کو نہیں لوٹ سکے۔ حماس نے مطالبہ کیا ہےکہ انروا اس فیصلے سے دستبرداری اختیار کرے اور فلسطینی عوام کے ساتھ ساتھ ادارے میں کام کرنے والے فلسطینی ملازمین کے تئیں اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کی پاسداری کرے۔


































