
نیویارک: اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے غزہ میں صحت کی سہولیات پر اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وولکر ترک نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ دنیا کی نظروں کے سامنے غزہ میں انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں اسپتالوں کی تباہی فلسطینیوں کو صحت کی مناسب دیکھ بھال تک رسائی کے حق سے محروم کرنے سے کہیں آگے جاچکی ہے۔ ان اسپتالوں نے ہزاروں متاثرین کو پناہ گاہیں فراہم کیں جن کے پاس جانےکی کوئی جگہ نہیں ہے۔ وولکرترک نے اسپتالوں، صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے اور طبی عملے پر اسرائیلی حملوں کے ساتھ ساتھ اس طرح کی سہولیات کے مبینہ غلط استعمال کی آزاد، مکمل اور شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔


































