
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے روس یوکرین تنازع کے وسیع جنگ میں بدلنے کا خطرہ ظاہر کردیا۔ جنرل اسمبلی میں ترجیحات پیش کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کےمزید بڑھنے کےخدشے نے وسیع جنگ کے خطرات پیدا کردئے ہیں۔ یہ جنگ عالمی مضمرات کے ساتھ ساتھ یوکرینی عوام کو ناقابل بیان تکالیف میں مبتلا کررہی ہے۔ امن کے امکانات کم اور مزید کشیدگی اور خونریزی کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک وسیع جنگ کی طرف بڑھنے سے بے خبر نہیں بلکہ وہ سب دیکھتے ہوئے اس جانب بڑھ رہی ہے۔انہوں نے یوکرین جنگ کے علاوہ امن کو لاحق دیگر خطرات کا بھی حوالہ دیا جس میں اسرائیل-فلسطین تنازع، افغانستان، میانمار شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر ہر ملک اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تو امن کے حق کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔


































