
انقرہ : ترکیہ نے شام کی سرحد کے ساتھ فرانسیسی فوجیوں کو تعینات کرنے کی تجویز کو سختی سے مسترد کر دیا۔ ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان نےکہا ہےکہ شام میں امریکی چھتری تلے فوجی کارروائیوں میں شریک کچھ چھوٹے یورپی ممالک بعض مسائل پر بات کرکے اپنے مفادات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس سے خود انہیں یا خطے کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
فیدان نے کہا کہ جو ممالک امریکہ کی طاقت کے پیچھے چھپ کر اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں ہم ان سے بات نہیں کرتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شام میں کرد گروپ ترکی کے مطالبات پر عمل نہیں کرتا ہے تو اس کیخلاف سرحد پار سے کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ترک وزیرخارجہ نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ امریکی حمایت یافتہ گروہ ایس ڈی ایف اور کردش ورکرز پارٹی کے احکامات پر کام کرنے والے جنگجوؤں کو شام چھوڑ کر چلے جانا چاہئے۔


































