
انقرہ: ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کو شدید بارش کے بعد سیلاب نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ترکیہ کے زلزلہ سے متاثرہ دو صوبوں شانلی عرفہ اور ادیامان میں منگل کی رات سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے۔ نشیبی علاقوں میں مکانات پانی میں ڈوب گئے گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ آبی ریلوں میں بہہ کر متعدد افراد لاپتا ہو گئے۔ اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ سیلاب کے باعث زلزلہ زدگان کیلئے جاری امدادی کارروائیاں متاثر ہوئی ہیں۔ عارضی پناہ گاہوں میں مقیم متاثرین نئی مشکل کا شکار ہوگئے ہیں۔ حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔


































