
انقرہ : ترکیہ، مصر اور قطر نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حملوں میں شدت سے جنگ بندی کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ ترکیہ، مصر اور قطر نے غزہ پر حالیہ اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی شہادت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اضافہ جنگ بندی پر عمل درآمد کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اسرائیل جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی تمام ذمہ داریاں مکمل طور پر پوری کرے۔ انہوں نے اسرائیل سے ایسے اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا جو جنگ بندی کو مزید کمزور اور کشیدگی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ ترکیہ، مصر اور قطر کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے خطے پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ تینوں ممالک نے عالمی برادری اور بورڈ آف پیس سے جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔


































