
تہران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف اقتصادی کارروائی کی دھمکی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدام اپنی ہی معاشی مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ عباس عراقچی نے کہاکہ ٹرمپ اپنے اعلان سے ملک کے بڑھتے ہوئے قرضوں اور سودی اخراجات کے بحران سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں خبردار کیا کہ پرانی اور ناکام پالیسیوں کو دہرانے سے امریکہ کو آئندہ بھی شکست اور ایرانی عوام کی ناراضی ہی حاصل ہوگی۔ عراقچی نے امریکی پالیسی کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی معیشت اور دنیا بھر کی خودمختاری کو خطرہ لاحق ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر اقتصادی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔


































