
بیروت : حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ دباؤ، دھمکیاں اور جبر کی کوششیں مزاحمت کو اس کے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔ شیخ نعیم قاسم نے اپنے کمانڈر محمد یاغی کی دوسری برسی پر خطاب میں کہا کہ مزاحمت ہر قیمت پر ثابت قدم رہے گی۔ دشمن اور اس کے حامی جتنا چاہیں دباؤ ڈال لیں، ہم نہ پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی ہتھیار ڈالیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ حزب اللہ لبنان کے حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، چاہے نتائج میں وقت ہی کیوں نہ لگے۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت پہلے اسرائیل کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر لبنانی فوج کو اپنے ہی شہریوں کے خلاف سخت کارروائی پر اکسانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنانی فوج اور مزاحمت کے درمیان تعاون دشمنوں کے لیے ناقابلِ برداشت حقیقت ہے۔


































