
لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمارے 3 ارکان کو اعتماد کے ووٹ میں نیوٹرل رہنے کا کہا گیا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کومتحد اور بی اے پی کو پیپلز پارٹی میں شامل کرایا جا رہا ہے۔ حسین حقانی کو جنرل (ر) باجوہ نے لابنگ کیلئے امریکا میں ہائر کیا، ڈونلڈ لو کو پاکستان سے سبق پڑھایا گیا، حسین حقانی میرے خلاف مہم اور جنرل (ر) باجوہ کی تشہیر کرتے رہے۔ اسٹیبلشمنٹ میں تاحال جنرل ریٹائرڈ باجوہ کا سیٹ اپ کام کر رہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، اسمبلیوں میں جا کر کیا کریں گے۔ استحکام صرف شفاف الیکشن سے ہی ممکن ہے، اسٹیبلشمنٹ معیشت سمیت تمام بحرانوں سے نکلنے کیلئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بلاول بھٹو کو افغانستان کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں، موجودہ افغان حکومت کے ساتھ بہترین تعلقات تھے، دہشت گردی بیچ کر ڈالرز کمائے جا سکتے ہیں، مشرف نے بھی دہشت گردی بیچ کر ڈالرز کمائے، لیکن 80 ہزار جانوں کا ضیاع ہوا۔


































