
غزہ: غزہ پر صیہونی حملے کی مسلم ممالک نے شدید مذمت کی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے اسے ریاستی دہشت گردی سے تعبیر کیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بین الاقوامی برادری قابض اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے۔قابض اسرائیل ان ظالمانہ حملوں اور منظم ریاستی دہشت گردی کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ہے۔اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی نے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچایا ہے۔ مصری وزارت خارجہ نے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایسے حملوں سے معاملہ مزید خراب ہو جائے گا اور صورتحال قابو سے باہر ہوجائے گی۔ یہ حملہ شرم الشیخ کے دو اجلاسوں میں طے پانے والے مفاہمت کے فریم ورک کے اندر کشیدگی کو کم کرنے اور امن عمل کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنے کی راہ میں بھی رکاوٹ ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں سے تنازع بڑھ جائے گا اور پورا معاملہ ہی خراب ہوجانے کا خطرہ ہے۔ یہ جرم ہمارے لوگوں اور ان کے جائز قومی حقوق کے خلاف اسرائیل کی کھلی جنگ کی توسیع ہے۔ اس "جارحیت” کے نتائج کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی۔ عرب پارلیمنٹ نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کرے اور نہتے فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل حملوں کو روکنے کے لیے کام کرے۔ایران، شام، اردن، عراق، ترکیہ سمیت کئی ممالک نے غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔


































