
جنین : صیہونی فوج مغربی کنارے کے شہر جنین میں تباہی کی داستانیں چھوڑ کر نکل گئی۔صیہونی فوج نے جنین میں دس دن قتل و غارت گری کے بعد انخلاء کا اعلان کیا ۔ شہر میں صیہونی فوج نے ناقابل بیان تباہی مچائی ہے شہر میں ہرطرف ملبے کے ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔ صیہونی فوج کے انخلا کے بعد شہر میں دس فلسطینیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ صیہونی فوج نے محاصرہ کے دوران تدفین کی بھی اجازت نہیں دی تھی۔ اسرائیلی کارروائی میں اکیس فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ میں درندگی کا مظاہرہ جاری رکھا۔ رفح، دیرالبلاح، الغازی، نصیرات اور جبالیہ میں فضائی حملے کیے گئے۔ صبح سے جاری حملوں میں انیس فلسطینی شہید اور باون زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہدا میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔


































