
استنبول: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہےکہ امریکا غزہ میں نسل کشی کو سیاسی تحفظ فراہم کررہا ہے۔ ترک نیوز ایجنسی سے انٹرویو میں اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ امریکا کا شہریوں کو تحفظ دینے کا موقف فریب پر مبنی ہے۔ غزہ میں ہزاروں شہری امریکی اسلحہ اور گولہ بارود سے مارے گئے ہیں۔ فلسطینی ریاست اور جنگ بندی قرارداد کو ویٹو کرنے سے واضح ہے کہ امریکا غزہ میں قتل عام جاری رکھنے کو مکمل تحفظ فراہم کررہا ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطین کی رکنیت کو ویٹو کرنے سے ثابت ہوگیا کہ امریکا نے اسرائیلی موقف قبول اور فلسطینیوں کے حقوق کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے رفح میں آپریشن سے خبردارکرتے ہوئے کہاکہ یہ فلسطینی عوام کے قتل عام کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹہرایا اور کہا کہ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ قیدیوں کو واپس لیا جائے اور پھر غزہ میں جنگ دوبارہ شروع کی جائے۔


































