
واشنگٹن: امریکا نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں اور اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ مشترکہ مفادات رکھتے ہیں اور امریکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے افغان سرزمین کا دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونا ضروری ہے۔ نیڈ پرائس نے داعش، تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ یہ گروہ افغانستان سے سرگرم ہوں مگر اب وہ اس قابل نہیں کہ خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ بن سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ماضی کی نسبت زیادہ اہم ہیں کیونکہ وہ تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نکل رہا ہے۔


































