
اسلام آباد : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہاہےکہ امریکی فریق کے زیادہ مطالبات کے باعث معاہدہ ممکن نہ ہو سکا تاہم چند امور پر فریقین کے درمیان مفاہمت بھی ہوئی۔ اسماعیل بقائی نے بتایا کہ دو سے تین اہم معاملات پر اختلافات برقرار رہے جبکہ یہ مذاکرات گزشتہ ایک سال کے دوران سب سے طویل رہے۔ اسماعیل بقائی کے مطابق یہ بات چیت چالیس دن کی جنگ کے بعد عدم اعتماد کے ماحول میں ہوئی۔ اس لیے ایک ہی نشست میں معاہدے کی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ سفارت کاری کبھی ختم نہیں ہوتی اور یہ قومی مفادات کے تحفظ کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار دوسرے فریق کی سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے، ساتھ ہی ایران کے جائز حقوق کو تسلیم کرنا بھی ضروری ہے۔ اسماعیل بقائی نے آخر میں کہا کہ ہر صورتحال میں سفارتی نظام کو ایرانی عوام کے حقوق اور مفادات کے حصول کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔


































