
گلگت: وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے پشاور میں ہونے والے افسوسناک حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پشاور انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے وطن کے پیکر میں پے در پے خنجر گھونپنا شروع کیا ہے اور یہ تسلسل خطرے کی گھنٹی ہے۔ حالیہ واقعہ دہشتگردوں کی سابقہ روایات کا تسلسل ہے جس میں مسجد و امام بارگاہوں کو نشان اول پہ رکھا گیا اور مکتب تشیع ان کا سافٹ ٹارگٹ بنا ہوا ہے۔ حالیہ واقعہ سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پوری ملت شہدا کے لواحقین اور خانوادہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر سے جب تک آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جاتا کوئی بھی شہری محفوظ نہیں رہ سکتا۔


































