
تہران: وینز ویلا، ایران، روس، کولمبیا اور کیوبا نے وینزویلا پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک خود مختار ملک کی سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔
وینز ویلا کی نائب صدر ڈیلسے روڈریگز نے عوام سے پرسکون رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیادت پر بھروسہ کریں ۔ پہلے بھی حملوں کا سامنا کیا ہے اور برداشت کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی فوجی حملے کو وینزویلا کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔ روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف مسلح جارحیت کا ارتکاب کیا ہے، جو گہری تشویش کا باعث ہے اور اس کی سخت مذمت کی جانی چاہیے۔ یہاں برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ ان کا ملک وینزویلا کیخلاف امریکی کارروائی میں کسی بھی طرح سے ملوث نہیں تھا.


































