
اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا استقبال کیا۔ انٹونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پر عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے۔پاکستان آنے سے قبل نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ عالمی برادری کو مشکل میں گھرے افراد سے اظہار یکجہتی کرنا ہوگا۔ انتونیو گوتریس وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور اتحادی حکومت کے دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔


































