
انقرہ : ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ پولنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے ہوا جو بغیر وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ چھ کروڑ 80 لاکھ ووٹرز کیلئے 87 انتخابی حلقوں میں ایک لاکھ بانوے ہزار پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشن پر صبح سے ہی گہما گہمی دکھائی دی اور ووٹرز کی قطاریں لگ گئیں۔چودہ مئی کو ووٹنگ کی شرح 87 فیصد رہی تھی اس بار یہ شرح زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر پایا تھا۔ صدر طیب اردوان کو 49.5 اور کمال کلیچ داراولو کو 44.9 فیصد ووٹ ملے تھے۔ جبکہ سینان اوعان کو پانچ اعشاریہ دو فیصد ووٹ پڑے تھے۔ انہوں نے طیب اردوان کی حمایت کا اعلان کررکھا ہے جس کی وجہ سے اردوان کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔


































