
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہاہے کہ حالیہ واقعات میں ایرانی قوم کی طاقت ظاہر ہوگئی۔ مسلح افواج کی حالیہ کامیابیوں نے دنیا اور عالمی مبصرین کی نظروں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں عظمت کا احساس پیدا کیا ہے۔ دشمن سے نمٹنے کے لئے نئے طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔ مسلح افواج کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ اللہ کے فضل سے، مسلح افواج اپنی صلاحیتوں اور عظمت کے لئے اچھی شہرت رکھتی ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کو ایرانی قوم کا ایک قابل تعریف چہرہ دکھایا اور بین الاقوامی سطح پر ایرانی قوم کی قوت ارادی کے بھرپور اظہار کا ثبوت دیا۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزید کہا کہ داغے گئے میزائلوں کی تعداد اور ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کا مسئلہ اس زبردست جوابی کارروائی میں ثانوی حیثیت کا حامل ہے۔ جب کہ بنیادی مسئلہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کا بین الاقوامی میدان میں اپنی قوت ارادی کا برملا اظہار ہے کہ جس پر فریق مخالف بوکھلاہٹ کا شکار ہوا۔ انہوں نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج اور پولیس فورس کی کوششوں اور سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے مسلح افواج کو نصیحت کی کہ دشمنوں اور ان کی دشمنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدوجہد اور عملی اقدام پر بھروسہ کرتے ہوئے جدت کے ساتھ ساتھ دشمن کے حربوں اور سازشوں کا علم ہمیشہ ایجنڈے میں ہونا چاہیے۔


































