
کندھ کوٹ : جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے، بجلی کے بل عوام کیلئے موت کا پروانہ بن گئے ہیں، 2 ستمبر کو ملک گیر احتجاج و شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے، جو احتجاج نہیں کریگا وہ آئی ایم ایف کا ساتھی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھنٹہ گھر چوک کندھ کوٹ میں سندھ میں بدامنی کے خلاف ہونے والے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اندھی بھری گونگی حکومت آپ کی چیخیں نہیں سنتی، روڈ راستے ویران ہیں، عوام کی جان و مال محفوظ نہیں، پیپلز پارٹی نے 15 سال سے سندھ کے عوام کا استحصال کیا ہے، کسی بھی شہری کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بل نہیں بلکہ آئندہ وقت میں حکومت 90 روپے فی یونٹ کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، نواز لیگ اور جے یو آئی (ف) نے ملکر غلط معاہدے کیئے، جنہوں نے معاہدے اور قرض لئے انکے گھر اور بنگلے بیچے جائیں۔


































