
واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے بھی قرض کی حد بڑھانے اور بجٹ میں کٹوتیوں کے پیکج کی حتمی منظوری دے دی۔ سینیٹ میں بل کے حق میں 63 جبکہ مخالفت میں 36 ووٹ پڑے۔ توقع کی جارہی ہے کہ صدر جو بائیڈن اس بل پر جلد دستخط کرکے اسے قانون کا درجہ دے دیں گے۔ سینیٹ کے اکثریتی لیڈر چک شومر نے اپنی تقریر میں بل کی منظوری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حتمی بل میں ڈیمو کریٹس ایسے بہت سے اخراجات برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں جنہیں ری پبلکنز نے چیلنج کیا تھا۔ ڈیڈ لائن سے قبل اس بل کی منظوری کو ایک تباہ کن بحران کے ٹل جانے سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ ایک روز پہلے ہی امریکی ایوان نمائندگان نے 117 کے مقابلے میں 314 ووٹوں سے بل کی منظوری دی تھی۔ صدر جوبائیڈن کے دستخط کے بعد حکومت کی 31 اعشاریہ 4 کھرب ڈالر کی قرض کی حد کو ختم کیا جا سکے گا اور یوں ایک تباہ کن ڈیفالٹ سے بچنا ممکن ہو گا۔


































