تحریر: سید رحیم نعمتی
سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت جنیوا میں 13 جون سے 8 جولائی تک اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی نئی بات انسانی حقوق کے دوغلے معیار اپنانے پر امریکہ کو تنقید کا نشانہ بنانا تھا۔ یہ کام تحقیقی کمیشن کے سربراہ نیوی پیلاوی نے انجام دیا۔ اسی طرح اس اجلاس میں پہلی بار خود امریکہ کے اندر انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس بھی لیا گیا ہے۔ یہ نوٹس عام حد تک نہیں تھا بلکہ کافی سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کی کونسل کے بعض رکن ممالک نے امریکہ میں انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور جلد از جلد ان کا سدباب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے امریکہ خود کو ہمیشہ سے انسانی حقوق کے دفاع کا علمبردار ظاہر کرتا آیا ہے۔
دوسری طرف چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے بھی امریکہ کے اندر انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ایک سروے رپورٹ شائع کی ہے۔ اس سروے رپورٹ کے نتائج نے انتہائی اہم حقائق برملا کئے ہیں جن کی بنیاد پر عالمی نظام میں موجود انسانی حقوق کے اصولوں میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت واضح کی جا سکتی ہے۔ اخبار گلوبل ٹائمز کی سروے مہم میں تقریباً 2 لاکھ 47 ہزار افراد نے شرکت کی ہے جن میں سے 81 فیصد افراد نے اس جملے کے حق میں ووٹ دیا ہے کہ "امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں انتہائی سنگین ہیں اور ان کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔” کثیر تعداد میں شرکت کرنے والے افراد کی اس رائے سے بہت اہم نتائج اخذ کئے جا سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر اس رائے کی حامی بھاری اکثریت اس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے کہ عالمی رائے عامہ امریکہ میں انسانی حقوق کے ایشو پر شدید توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور امریکہ میں انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا حامل ہے۔ دوسری طرف اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانچ پڑتال خاص طور پر ان کے بارے میں تحقیق کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ جیسا کہ اسی سروے میں شرکت کرنے والے افراد میں سے 15 فیصد کا خیال ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے ایجاد کردہ رکاوٹوں کے باعث اس ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں درست تحقیق ممکن نہیں ہے۔
امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اس حد تک جائزے کے نتیجے میں اخبار گلوبل ٹائمز کے بعض سوشل صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ امریکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس نے انسانی حقوق کی شمع اٹھا رکھی ہے لیکن اس کی روشنی امریکہ کی سیاہ تاریخ کی تاریکی دور نہیں کرتی۔ بعض صارفین نے امریکی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "چور دوسرے چور کی گرفتاری کیلئے سرگرم عمل ہے۔” اس میں کوئی شک نہیں کہ مغرب کے ذرائع ابلاغ اور سیاسی حلقے چینی اخبار کے اس اقدام کو امریکہ اور چین میں جاری ٹکراو کے تناظر میں دیکھتے ہیں اور اس حکمت عملی کو جنگجو بھیڑیا یا Wolf warrior کا نام دیتے ہیں۔ یاد رہے یہ نام بھی اسی عنوان سے موجود ایک چینی فلم سے لیا گیا ہے۔
مغربی ذرائع ابلاغ اس طرح چین کی خارجہ سیاست میں رونما ہونے والی بنیادی تبدیلیوں کو مغرب اور امریکہ کے خلاف جارحانہ پالیسی ظاہر کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چین عالمی نظام تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے بقول موجودہ عالمی نظام دوسری عالمی جنگ کے بعد امریکہ کی قیادت میں معرض وجود میں آیا ہے اور سرد جنگ کے خاتمے کے بعد دنیا کا غالب نظام بن چکا ہے۔ مغربی ذرائع ابلاغ کی نظر میں اب چین اس عالمی نظام کو تبدیل کر کے نیا نظام برقرار کرنے کے درپے ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کم از کم گذشتہ نصف صدی کے دوران عالمی نظام کا اہم رکن انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ امریکہ نے اسی رکن کا سہارا لے کر عالمی سطح پر اپنا تسلط برقرار رکھا ہوا ہے۔
اگرچہ چینی اخبار گلوبل ٹائمز کا سروے امریکہ کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے لیکن اس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ یہ سروے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے حالیہ اجلاس کی روشنی میں انجام پایا ہے۔ درحقیقت انسانی حقوق کی کونسل میں امریکہ میں انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انسانی حقوق کی صورتحال پر کڑی تنقید ہی اس سروے رپورٹ کا باعث بنی ہے۔ لہذا یوں دکھائی دیتا ہے کہ انسانی حقوق کی کونسل میں رونما ہونے والے واقعات اور اس کے بعد گلوبل ٹائمز کی سروے رپورٹ ایک علامت ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کے اصولوں پر نظرثانی کا وقت آن پہنچا ہے۔

































