تحریر: ڈاکٹر راشد عباس نقوی
حالیہ دنوں میں عراق میں ایک بار پھر ایسی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جسے پارلیمانی سفارتکاری کی بجائے "اسٹریٹ ڈپلومیسی” کہا جائے تو زیادہ مناسب ہوگا۔عراق میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اندرونی طاقت کی کشمکش اور اقتدار کی باہمی جنگ کا نتیجہ ہے۔ آج جن ممالک میں جمہوری نظام ہے اور انتخابات اقتدار کا تعین کرتے ہیں، وہاں یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ سڑکوں پر ہونے والے فسادات اور شور شرابے نتیجہ بخش نہیں ہوتے، تاہم عراق اس وقت ایک مختلف راستے پر گامزن ہے اور کچھ سیاسی گروہ جو اکتوبر 2021ء کے انتخابات کے بعد اقتدار کے نئے انتظامات میں ناکام رہے تھے، اب اپنے متشدد طرز عمل سے نہ صرف اس ملک کے استحکام اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، بلکہ ایسی راہ پر گامزن ہیں، جو عراق کے دشمنوں کے مفاد میں ہے۔
مقتدیٰ صدر، جنہوں نے اکتوبر 2021ء سے جون 2022ء تک اقتدار تک پہنچنے کے لیے بہت کوششیں کیں، جون میں اعلان کیا کہ وہ عراق کے سیاسی منظر نامے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ صدر تحریک سے وابستہ نمائندوں نے بھی عراقی پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ اب جبکہ شیعہ رابطہ فریم ورک نے اپنا مجوزہ وزیراعظم محمد شیا السودانی کو متعارف کرایا ہے تو صدر تحریک اس کی مخالفت کی علمبردار بن گئی ہے اور اس نے اپنے حامیوں کو بغداد کی سڑکوں پر لا کر بھرپور مخالفت کا اعلان کیا۔ صدری اور بعض دیگر عراقی گروہوں کے حامیوں کا یہ اجتماع پارلیمنٹ پر حملے کا باعث بنا۔ گذشتہ روز مقتدیٰ صدر نے ایک ٹویٹ میں جو ایک بیان کی شکل میں تھا، حالیہ واقعات کو ایک بے ساختہ انقلاب قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ عراق کے سیاسی نظام کو تبدیل کرنے کا اب وقت آگیا ہے۔
بلاشبہ یہ ٹویٹ، جو کہ پارلیمنٹ پر حملے کی توثیق اور بدامنی کے تسلسل کی حمایت ہے، عراق کو ایک ایسے راستے پر گامزن کر رہا ہے، جو ملک میں طاقت کے ڈھانچے کو مزید پیچیدہ کر دے گا اور موجودہ سیاسی تعطل کو تقویت دے گا۔ یہ مسئلہ صدر گروپ کی تحریک کے مفادات کو بھی محفوظ نہیں رکھ سکے گا اور بلاشبہ یہ ان کھلاڑیوں اور ممالک کے لیے سب سے زیادہ سازگار ہوگا، جو ایک مضبوط عراق کو اپنے مفادات کے لیے سازگار نہیں سمجھتے۔ بلاشبہ بدامنی کی حمایت کرنا اور سیاسی مکالمے کے بجائے سڑکوں پر ڈپلومیسی کا استعمال عراق کی سلامتی اور استحکام کو منحرف کرسکتا ہے اور اسے تباہی کے دہانے پر پہنچا سکتا ہے۔
سٹریٹ ڈپلومیسی اور فسادات عراق میں جمہوریت کی تازہ کھڑی کی گئی کمزور بنیادوں کو تباہ کرسکتے ہیں اور اس ملک کے عوام کی دو دہائیوں کی کامیابی کو نیست و نابود کرسکتے ہیں۔ اسی بنا پر شیعہ فریم ورک نے مقتدیٰ صدر کے ٹوئٹ کے بعد ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ دینی اور قومی ذمہ داری کے احساس اور اس تاریخی لمحے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم تمام سیاسی قوتوں منجملہ صدر تحریک کے بھائیوں کو بات چیت کی دعوت دیتے ہیں۔ اس بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ حالیہ صورت حال عراق کے سرکاری ڈھانچے کو ختم کرنے اور قانونی اداروں کی توہین اور اس میں جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔” بعض ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ موجع تقلید آیت اللہ سیستانی کے دفتر نے بھی مقتدیٰ صدر کو ایک پیغام بھیجا ہے، جس میں ان سے حالات کو پرسکون کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
الصدر، بارزانی اور الحلبوسی کی جماعتیں عراق کے سیاسی دائرے سے باہر اور اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے بدستور انتشار کے راستے پر گامزن ہیں۔ وہ ملک کو دس ماہ کے سیاسی تعطل سے نکالنے کی بجائے مزید الجھا رہی ہیں۔ اسی لئے شیعہ فریم ورک اور ان کے اتحادی اس کشیدگی کو ملک دشمنی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ شیعہ فریم ورک اور ان کے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ عراق کو اس وقت ایک مستقل اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔ سیاسی تعطل کے تسلسل اور داخلی امن کے کمزور ہونے کی بنیادی وجہ عراقی دھڑوں کا عقلی رویئے سے دوری اور ملک میں تشدد پیدا کرنے کی خواہش ہے۔ عراق میں ہونے والے واقعات کے جواب میں، عراق میں اقوام متحدہ کے وفد نے، جسے UNAMI کے نام سے جانا جاتا ہے، شروع میں کشیدگی میں اضافے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور پھر اعلان کیا کہ مزید تشدد کو روکنے کے لیے "دلیل اور دور اندیشی کی آواز” ضروری ہے۔ العربی الجدید اخبار نے بھی عراقی منظر نامے کی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کی ہے اور لکھا ہے کہ عراق کے حالات مزید کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں اور اس ملک میں سکیورٹی کی نازک صورت حال کے خلاف خطرات بڑھ رہے ہیں۔
عراق کی موجودہ سیاسی صورت حال جاری رہنے کی صورت میں ایک بار پھر نئے قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا معاملہ سر اٹھانے لگا ہے۔ عراق میں کشیدگی میں اضافے اور نئی حکومت کی تشکیل کے عمل کی تکمیل میں ناکامی کی وجہ سے اس ملک کی متعدد سیاسی جماعتیں دوبارہ قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دے رہی ہیں۔ عراق کے پارلیمانی انتخابات کا پانچواں دور، جو اس ملک میں قبل از وقت ہی تھا، گذشتہ اکتوبر میں منعقد ہوا، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ابھی تک حکومت نہیں بن سکی ہے۔ اب جبکہ نئے قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کے بارے میں تبصروں میں اضافہ ہوا ہے، اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ نئی پارلیمنٹ عراق کو سیاسی تعطل سے نکالنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔ عراق کے تمام سیاسی دھڑے جب تک ایک نئے عمرانی جمہوری معاہدے پر متفق نہیں ہوتے، سیاسی افراتفری جاری رہے گی۔

































