
اسلام آباد: پاکستان، امریکا، ترکیہ اور خلیجی ممالک نے ایران سعودیہ معاہدے کو خطے کی سلامتی کیلئے مددگار قرار دیا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کو معاہدے تک پہنچنے میں تعاون کرنے پرچین کے کردار کو سراہا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے کہ یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہو گی۔
وائٹ ہاؤس نےکہا ہے کہ کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری امریکی پالیسی کے کلیدی ستون ہیں۔ ہم مشرق وسطٰی میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کے لیے کسی بھی طرح کی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عراق اور عمان نے دونوں ممالک کے درمیان ایک نیا باب شروع ہونے کا خیرمقدم کیا ہے۔ خلیج تعاون کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امید ہے کہ یہ معاہدہ سلامتی اور امن کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ ترکیہ نے بھی معاہدے کو خوش آئند قرار ہے۔اس سے پہلے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سہہ فریقی مذاکرات کےدوران سعودی عرب اور ایران نے تعلقات کی بحالی اور سفارتخانے دوبارہ کھولنے کا معاہدہ کیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ اس معاہدے پر عمل درآمد، اپنے سفیروں کی واپسی کے انتظامات اور دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کے لیے ملیں گے۔


































