
نجف: شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہوئے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ عراق کے شہر نجف اشرف میں امام علی علیہ السلام کے روضے پر ادا کر دی گئی۔
گزشتہ رات آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو خصوصی طیارے کے ذریعے نجف پہنچایا گیا، جہاں ان کے آخری دیدار اور خراجِ عقیدت کیلئے عراقی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
نجف میں تعزیتی جلوس میں سڑکوں پر عوام کا سمندر اُمڈ آیا، لاکھوں افراد شریک ہوئے اور مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے شہید سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تعزیتی جلوس میں سرخ جھنڈے اٹھائے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل سے انتقام کے نعرے لگائے۔
جسد خاکی کو تعزیتی جلوس کی صورت میں عراق کے شہر نجف میں حضرت علی علیہ السلام
کے روضے پر پہنچایا گیا جہاں شہید رہبر اعلیٰ اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو کربلا میں امام حسین علیہ السلام کے روضے پر لے جایا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قم میں جلوس جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں رات کو عراق منتقل کی گئی تھیں، شہید رہبر اعلیٰ کو کل ان کے آبائی شہر مشہد میں امام علی رضا علیہ السلام کے روضے کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔


































