
تہران : ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل اسماعیل قاآنی نے صیہونی حکومت کو درپیش بحران اور مقاومتی محاذ کی حالیہ کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای کی پیشن گوئی کے عین مطابق اسرائیل کا زوال شروع ہوچکا ہے اور مستقبل قریب میں دنیا صیہونی حکومت سے پاک ہوجائے گی۔ رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل اسماعیل قاآنی نے جامعہ مدرسین کے کانفرنس ہال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقاومت اور رضاکار دو ایسے الفاظ تھے جو فراموش ہوچکے تھے لیکن انقلاب اسلامی نے ان کو دوبارہ زندہ کیا، مسلمان ان جذبات کے ساتھ اپنے کاموں کو تھکاوٹ کا شکار ہوئے بغیر اختتام تک پہنچاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگوں سے انسان سازی کا سبق حاصل کیا، امام خمینی نے جنگوں کو انسان سازی کا وسیلہ بنانے کا ہمیں درس دیا تھا۔ جنرل قاآنی نے ایران اور اسرائیل کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک مظلوم ملک ہے جو اپنا دفاع کررہا تھا جبکہ اسرائیل ظالم لیکن موجودہ دور میں ہر جگہ رسوائی کا شکار ہے، آج خدا کے فضل و کرم سے ایران اور مقاومتی محاذ کو فلسطین جیسے محاذوں پر کامیابیاں مل رہی ہیں، فلسطینی جوان موت کے خوف کا شکار ہوئے بغیر شہادت کے لئے آمادہ اور دلیری کے ساتھ صیہونیوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مقاومت وہ رمز بن چکا ہے جو ناقابل شکست ہے، دفاعی تجزیہ نگاروں کے مطابق میدان جنگ میں کامیابی کا ذریعہ پیسہ اور اسلحہ نہیں بلکہ جنگ میں وہی کامیاب ہوسکتا ہے جو دیر تک استقامت و مقاومت دکھائے۔ مقاومت کی وجہ سے ہی امریکہ ہر روز عقب نشینی پر مجبور اور خطے میں اس کی طاقت رو بزوال ہے۔ جنرل قاآنی نے کہا کہ ولی امر المسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا تھا کہ آج کے فلسطینی نوجوان قدس میں نماز پڑھیں گے، عالمی مقاومت اور بسیج تشکیل دینے کے بعد رہبر معظم کی اس پیشن گوئی کا عملی طور پر درست ہونے کا وقت مزید نزدیک ہوا ہے۔ انہوں نے صدر رئیسی کے دورہ شام کو دونوں ملکوں اور مقاومت کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ کے سربراہ کا اعتراف مقاومت اور ایران کی فتح کی دلیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے معقول وجوہات کے تحت خطے میں داعش کے خطرات کا مقابلہ کیا اور اس دہشت گرد تنظیم کو اپنی جڑیں پھیلانے سے پہلے ہی ختم کردیا جس میں شہید قاسم سلیمانی نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔


































