
ویانا: اقوام متحدہ نے افغانستان میں امدادی کام روکنے کے باجود انسانی امداد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔افغانستان کیلئے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی رمیز الکباروف نے کہا ہے کہ خواتین پر پابندی کے باوجود افغانستان کی انسانی امداد کیلئے پرعزم ہیں۔افغانستان کے لوگوں کی ضروریات بہت زیادہ ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ہم ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی جاری رکھیں ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیاں خود کو محفوظ محسوس کریں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر ایک جامع انسانی کارروائی کی فراہمی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر اور اقوام متحدہ کے دیگر حکام آنے والے ہفتوں میں افغانستان کا دورہ کریں گے۔


































