
واشنگٹن : امریکا کے ایوان نمائندگان نے قرض کی حد اور بجٹ میں کٹوتیوں کے پیکج کی منظوری دے دی۔ امریکی ایوان نمائندگان نے 117 کے مقابلے میں 314 ووٹوں سے بل کی منظوری دی۔ اب یہ بل منظوری کیلئے سینیٹ میں جائے گا۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں سے منظوری کی صورت میں حکومت کی 31 اعشاریہ 4 کھرب ڈالر کی قرض کی حد کو ختم کیا جا سکے گا اور یوں ایک تباہ کن ڈیفالٹ سے بچنا ممکن ہو گا۔ جس کے نہ صرف امریکی معیشت پر گہرے منفی اثرات پڑ سکتے ہیں بلکہ یہ عالمی معیشت کے لئے بھی ایسے میں ایک بری خبر ہو سکتی ہے ۔ پوری دنیا کی نظریں امریکی ایوان نمائندگان میں اس ڈیل پر ہونیوالی ووٹنگ پر لگی ہوئی تھیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹوئٹ کیا کہ یہ معاہدہ امریکی عوام اور امریکی معیشت کیلئے اچھی خبر ہے۔ میں سینیٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اسے جلد از جلد منظور کرے تاکہ میں اس پر دستخط کر سکوں۔


































