
لاہور : سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا گیا۔ تحریک انصاف کی پیش کردہ درخواست کو نظر انداز کرتے ہوئے مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں عمران خان کی جانب سے نامزد تینوں شخصیات کے نام بھی شامل نہیں ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کنٹینر کے بائیں جانب سے کی گئی، ریلی میں شامل ایک شخص جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے،ذرائع کے مطابق مقدمے میں زیر حراست گرفتار شخص نوید کو باقاعدہ ملزم نامزد کیا گیا ۔ تحریک انصاف نے ایف آئی آر کو مسترد کرتے ہوئے اس معاملے پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ایف آئی آر میں اگر تینوں شخصیات کے نام شامل نہیں تو یہ ہمارے نزدیک کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا ہو گی۔


































