
غزہ: صیہونی فوج نے مسلسل تیسرے روز بھی غزہ پر حملے کرکے مزید تین فلسطینیوں کو شہید اور کئی کو زخمی کردیا۔ اسرائیلی فضائیہ نے محصور غزہ کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ حملے میں کئی مقامات پر اسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جنگی طیاروں نے خان یونس کے قریب ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد کے اعلیٰ کمانڈر سمیت تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ حالیہ جارحیت کے نتیجے میں اب تک 24 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ شہداء میں پانچ خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔ صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ سے داغے گئے راکٹوں کے جواب میں اسلامی جہاد کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے پہلے غزہ سے اسرائیل پر راکٹوں کی بارش کی گئی۔


































