
غزہ : اسرائیلی فوج کے غزہ میں مظالم تھم نہ سکے۔ مزید چیاسٹھ فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ تین اسرائیلی فوجی مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے رفح،شمالی،جنوبی اور وسطی غزہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔ رفح میں اسرائیلی فوج کے تین حملوں میں تیرہ افراد شہید ہوگئے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔جنوبی اور وسطی غزہ پر بھی اسرائیل نے حملے کیے ہیں۔ جس میں تیس سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔
غزہ کے سرحدی علاقے میں چیک پوسٹ پر حملے میں تین اسرائیلی فوجی ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں غذائی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔چحاملہ خواتین اور نومولود کی زندگی بچانا تقریباً ناممکن ہوچکا ہے۔ غزہ میں یومیہ تیس سے زائد بچے اور خواتین غذائی کمی سے دم توڑرہے ہیں۔اسرائیلی فوج کی پابندیوں کی وجہ سے شمالی اور وسطی غزہ تک امداد کی فراہمی دشوار ہے۔


































