
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ کے مظلومین پر آج بھی بموں اور میزائلوں کی بارش جاری رکھی۔ تازہ حملوں میں بتیس فلسطینی شہید اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے اپنے ہی قرار دیے گئے نام نہاد سیف زون المواصی پر بم برسادئے۔ جنگی طیاروں نے رہائشی مقامات کو نشانہ بنایا۔ حملے میں گیارہ فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوئے شہید اور زخمیوں میں بیشتر بچے اور خواتین ہیں۔ شہدا میں پولیس چیف محمود صلاح اور ان کے معاون حسان مصطفیٰ بھی شامل ہیں۔
وسطیٰ دیر البلاح پر حملے میں بھی سات فلسطینی شہید ہوئے۔ جبالیہ پر بمباری سے دس فلسطینی مارے گئے۔ الشاطی کیمپ پر حملے میں چار فلسطینی نشانہ بنے۔
ادھر سردی کے باعث غزہ میں ایک اور نومولود دم توڑ ہو گیا، جس کے بعد ہائپوتھرمیا سے مجموعی اموات آٹھ ہو گئی ہے۔ ادھر اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری رکھا تو اسرائیل غزہ پر اپنے حملے تیز کر دے گا۔


































