
بغداد: عراقی کے مزاحمتی گروپوں نے کہاہے کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی مہندس سمیت اپنے تمام شہدا کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔ بغداد میں شہدا کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں عصائب اہل الحق کے رہنما قیس الخزالی نے کہاکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انسداد دہشت گردی کے چیمپیئن جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کے قتل کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ہم اپنی مکمل بیعت کا اعلان کرتے ہیں کہ ہم اپنے کمانڈروں اور شہیدوں کے بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ اور سچائی کو دنیا کے سامنے لانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عراقی پاپولر موبیلائزیشن یونٹس کے چیئرمین فالح الفیاض نےکہا کہ دشمنوں نے جنرل سلیمانی کے قتل سے متعلق سنگین غلط فہمیاں پیدا کیں لیکن کمانڈر کے جنازے کے بڑے جلوس نے واضح طور پر ان کی بے پناہ مقبولیت کو ظاہر کردیا۔ جنرل سلیمانی کے جنازے میں لاکھوں لوگوں کی شرکت سے یہ بات سامنے آئی کہ وہ لوگوں کے دلوں میں بلند مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہےلیکن سابق امریکی صدر جلد ہی تاریخ کے کوڑے دان میں نظرآئے گا۔


































