
راولپنڈی : چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق صرف دو ممالک کے درمیان جنگ نہ تھی بلکہ یہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں باطل کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ جی ایچ کیو میں معرکہ حق کی یاد میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا آج کا دن ہم سب کے لیے باعث افتخار ہے، ایک سال قبل ہمیں بے مثال کامیابی ملی، دشمن نے ہمارے قومی عزم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کا ہماری فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔ چیف آف آرمڈ فورسز کا کہنا تھا ہندوستان کا خواب ہے وہ پاکستان کوعسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کانشانہ بنائے، ہندوستان کا خواب ہے وہ پاکستان کو تنہائی کا نشانہ بناکر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، دشمن کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے، ہندوستان کا یہ خواب پاکستان کبھی پورا نہیں ہونے دے گا، دشمن بھول چکا تھا افواج پاکستان نہ پہلے طاقت کے غلبے سے مرغوب ہوئے نہ کبھی ہوں گے۔


































