
بغداد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جون میں اسرائیل اور امریکہ کیخلاف لڑی گئی بارہ روزہ جنگ کے بعد ایران زیادہ مضبوط ہو گیا ہے اور امریکا کا وینزویلا جیسا منصوبہ ناکام رہا۔ بغداد میں عراقی میڈیا سے گفتگو میں عراقچی نے بتایا کہ ایرانی مسلح افواج نے کامل تیاری کے ساتھ دفاع کیا اور آخرکار جارحین نے جنگ بندی کی درخواست کی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران نے شکست نہیں مانی اور دشمن اپنے مقاصد حاصل نہ کر سکا۔ عراقچی نے کہا کہ میزائل صلاحیتیں زیادہ مضبوط ہیں اور جو نقصان ہوا تھا وہ اب پوری طرح درست کر دیا گیا ہے، جس سے ایران اپنے دفاعی موقف میں پہلے سے بھی بہتر پوزیشن میں ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ معاشی پابندیوں کے باوجود ملک کی مجموعی صورتحال بہتر ہے اور احتجاج کسی بھی عوامی نظام میں ایک فطری عمل ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرامن عوامی احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں فرق کیا جانا چاہیے، جبکہ اسرائیلی حکام خود موساد عناصر کی ایران میں بدامنی کی کوششوں کا اعتراف کر چکے ہیں۔


































