
تہران : ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت ایرانی قوم کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی۔ ایران پہلے سے زیادہ طاقتور ہوکر ابھرا ہے۔ گزشتہ سال کی بارہ روزہ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کاظم غریب آبادی نے کہاکہ امریکی۔صیہونی دشمن نے چند حملوں کے ذریعے ایرانی قوم کی مزاحمت کو کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی بقا کے لیے آزاد ممالک کے کمانڈروں اور سائنس دانوں کو نشانہ بناتا ہے، جو اس کی کمزوری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عہدیداروں اور سائنس دانوں کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی قوم جبر، دہشت گردی اور دباؤ کے سامنے نہیں جھکی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور آزادی کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہے گا۔


































