
کوئٹہ: کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 2 روز کے بند کرکے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے، سول سیکرٹریٹ اور دیگر دفاتر کے حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے، ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج موخر کردیا۔
کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے آج 17 اور کل 18 مارچ کو دو دن کے لئے بند کردیئے گئے ہیں، بورڈ انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے بھی میٹرک کے 2 پیپرز ملتوی کردیئے ہیں، سول سیکرٹریٹ سمیت دیگر محکموں میں بھی حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں اور وہاں آنے جانے والے افراد کی سختی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں آج نکالی جانے والی احتجاجی ریلی بھی ملتوی کر دی، تمام ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو ایمرجنسی وارڈز اور ٹراما سینٹر میں حاضری یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ کوئٹہ ، سبی ، مچھ اور چمن کے ریلوے سٹیشنز پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، مسافر ٹرینوں کی روانگی و آمد کے اوقات کے دوران سٹیشن آنیوالے افراد کی جامع تلاشی لی جائیگی اور مساٖفر ٹرینوں پر کمانڈوز تعینات کردیئے گئے ہیں۔


































