
تہران : جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان خوشگوار تعلقات پراظہار اطمینان کیا گیا۔ میجر جنرل باقری نے پاکستان کے سابق چیرمین جی سی ایس سی جنرل ندیم رضا کی تجویز کے مطابق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے معاملات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے اعلیٰ سطح کے کمانڈروں کی باہمی ملاقاتوں اور تربیتی امور نیز آپریشنل، سیکیورٹی اور تکنیکی صلاحیتوں سے استفادہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
میجر جنرل باقری نے پاکستان کے چیئرمین چوائنٹ چیفس آف آسٹاف کیمٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو دورہ تہران کی دعوت بھی دی ۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں میجر جنرل باقری کی جانب سے مبارکباد دینے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد قرار دیا۔


































