تحریر: معصومہ محمدی
حال ہی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں آستانہ مذاکراتی سلسلے کی ایک نشست منعقد ہوئی ہے جس میں روس، ترکی اور ایران کے سربراہان مملکت نے شرکت کی ہے۔ یہ سہ فریقی سربراہی اجلاس اپنی اسٹریٹجک اہمیت اور گہرے اثرات کے باعث دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ کی پہلی سرخی بنا ہوا ہے۔ اس کے بارے میں ایک اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اجلاس میں شریک تینوں ممالک یعنی ایران، روس اور ترکی کیا اہداف و مقاصد حاصل کرنے کے درپے ہیں؟ ویسے تو آستانہ مذاکرات کا سلسلہ خاص طور پر شام میں پیدا ہونے والے سکیورٹی اور سیاسی بحران اور اس کے حل کیلئے شروع کیا گیا تھا لیکن تہران کے حالیہ سربراہی اجلاس میں دیگر اہم ایشوز بھی زیر بحث لائے گئے ہیں جن میں یوکرین کا بحران، غذائی مواد کی فراہمی، اقتصادی و فوجی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ شامل ہیں۔
اقتصادی میدان میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے کئی اہم فیصلہ جات کئے گئے ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:
1)۔ ایران اور روس کے درمیان خام تیل کی پیداوار کیلئے سب سے بڑا معاہدہ انجام پایا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد ایران میں تیل کے نئے ذخائر کی دریافت ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ایران میں موجود تیل کے ذخائر دنیا کے کل ذخائر کا 30 فیصد حصہ تشکیل دیتے ہیں۔ ماسکو خام تیل کی صنعت میں ایران سے تعاون بڑھا کر عالمی منڈی میں فروخت ہونے والے ایرانی خام تیل پر بھی نظر رکھ سکتا ہے۔
2)۔ اقتصادی میدان میں ایک اور اہم معاہدہ ایران اور روس کے درمیان 20 سالہ تعاون کا معاہدہ ہے۔ یہ معاہدہ چالوس میں گیس کے ذخائر دریافت کرنے سے متعلق ہے۔
3)۔ ایران اور روس کے درمیان اقتصادی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک اور اہم اقدام علامتی طور پر روبل – ریال کی رونمائی ہے۔ اسے ایران اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان انجام پانے والی تجارت کو مقامی کرنسی میں انجام دینا ہے اور یوں ڈالر پر انحصار ختم کرنا ہے۔ یہ علامتی رونمائی ایران کے اسٹیٹ بینک کے تعاون سے انجام پائی ہے۔
4)۔ ایران اور روس کے درمیان اقتصادی شعبے میں انجام پانے والا ایک اور اہم معاہدہ شمال جنوب کوریڈور سے متعلق ہے۔ ایران کے جنوب میں خلیج فارس اور بحر ہند واقع ہے جہاں سے خشکی کے ذریعے بحیرہ خزر اور وہاں سے روس تک تجارتی روٹ قائم کیا جا سکتا ہے۔
5)۔ ایران اور روس کے درمیان اقتصادی شعبے میں تعاون کی مزید مثالیں غلات کی فراہمی اور آٹوموبائل انڈسٹری سے متعلق ہے۔ روس آٹوموبائل انڈسٹری میں ایران سے وسیع حد تک تعاون کر سکتا ہے۔
دوسری طرف ترکی اور روس کے سربراہان مملکت کے حالیہ دورہ تہران میں فوجی شعبے میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اہم فیصلے انجام پائے ہیں۔ فوجی شعبے میں تعاون کے ذریعے خطے میں امریکہ کی یکہ تازیوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ روس بھی عالمی سطح پر ملٹی پولر نظام حکمفرما کرنے کا خواہاں ہے۔ لہذا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا دورہ تہران ایک لحاظ سے امریکی صدر جو بائیڈن کے دورہ مشرق وسطی کے مقابلے میں انجام پایا ہے اور اس کا مقصد سفارتکاری کے میدان میں طاقت کا موازنہ ایجاد کرنا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران بھی گذشتہ ایک عرصے سے خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی ایجاد کردہ تکفیری دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے روس سے فوجی تعاون حاصل کرتا آیا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عراق اور شام سے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا خاتمہ کرنے میں ایران اور روس نے انتہائی اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اس فوجی تعاون کے نتیجے میں خطے میں امن اور استحکام پیدا ہوا ہے۔ یوں خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ایران اور روس ایکدوسرے کے اسٹریٹجک پارٹنر تصور کئے جاتے ہیں۔ مشرق وسطی خطہ ہمیشہ سے شدید سکیورٹی بحرانوں کا شکار رہا ہے اور ان بحرانوں کی موجودگی بذات خود خطے کے ممالک میں فوجی تعاون کی ضرورت ثابت کرتی ہے۔ ایران یوکرین جنگ کے جلد از جلد خاتمے اور پرامن راہ حل کیلئے بھی کوشاں ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان گذشتہ چند ماہ سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے آئے ہیں۔ وہ اس ملاقات کا مقصد عالمی سطح پر موجود تنازعات کا حل بیان بتاتے رہے ہیں۔ لہذا تہران کے حالیہ سربراہی اجلاس میں ایک اہم موضوع یوکرین کا مسئلہ تھا۔ یوکرین دنیا میں گندم اور دیگر غلات کا سب سے بڑا برآمد کرنے والا ملک ہے۔ ترکی غلات کی تجارت برقرار رکھنے کی کوشش میں مصروف ہے اور جنگی صورتحال کے پیش نظر اس تجارت میں پیدا ہونے والی مختلف رکاوٹیں برطرف کرنا چاہتا ہے۔ دوسری طرف شام میں بھی ترکی اور روس ایکدوسرے کے ساتھ سکیورٹی اور فوجی تعاون کرنے میں مصروف ہیں۔ ترکی نیٹو کا رکن بھی ہے اور یوں وہ روس اور نیٹو کے دیگر رکن یورپی ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار بھی ادا کر سکتا ہے۔

































